حملہ آوروں نے گھر کا دروازہ توڑ کر خواتین، بچوں پر تشدد بھی کیا، مقدمہ درج
لاہور ( کرائم رپورٹر) کوٹ لکھپت میں گھر کی دہلیز پر فائرنگ کرکے 3بھائیوں کو زخمی کردیا گیا۔ واقعات کے مطابق کوٹ لکھپت میں سابقہ دشمنی اور ایف آئی آر کٹوانے کی رنجش پر ملزموں نے مدعی کے گھر پر حملہ کیا،گھر کا دروازہ توڑ کر خواتین اور بچوں پر تشدد کیا ، اور تین سگے بھائیوں کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا،جن میں عامر اکبر، فیصل اکبر اور فراز اکبر شامل ہیں۔ کوٹ لکھپت پولیس نیتینوں زخمیوں کے چوتھے بھائی عمران اکبر کی مدعیت میں مرکزی ملزم عمران باجوہ اور اسکے دیگر ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ مقدمے میں اقدامِ قتل چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ فائرنگ کے بعد ملزم علاقے میں خوف و ہراس پھیلاتے ہوئے فرارہوگئے۔ تا حال ملزم گرفتار نہ ہو سکے۔