ہمارا مشن ہر گھر کی دہلیز پر طبی خدمات فراہم کرنا ہے:مصطفی کمال

میں نہیں چاہتا کہ ہم پولیو نہ پلانے والوں کی ایف آئی آر کاٹیں، وفاقی وزیر صحت کی گفتگو 
اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ہمارا مشن  ہر گھر کی دہلیز پر طبی خدمات فراہم کرنا ہے، میں نہیں چاہتا کہ ہم پولیو نہ پلانے والوں کی ایف آئی آر کاٹیں۔تفصیل کے مطابق اسلام آباد میں فیڈرل ڈائریکٹوریٹ امیونائزیشن کی جانب سے 31ویکسین ڈلیوری ٹرک وفاقی وزارت صحت کے حوالے کر دئیے گئے ہیں۔ عالمی امدادی ادارے یونیسیف و گاوی نے31ریفریجریٹر ٹرک انسداد پروگرام حفاظتی ٹیکہ جات کو فراہم کیے۔ جس کے بعد یہ ریفریجریٹر ویکسین ٹرک تمام صوبوں کے حوالے کئے گئے۔ویکسین ٹرک پنجاب، سندھ، خیبر پختونخواہ، بلوچستان، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کو دئیے گئے۔ وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ ہمارا مشن ہے گھر کی دہلیز پر سروسز دیں، بہت جلد ہم ڈاکٹر اور ادویات گھر کی دہلیز پر پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم ہیلتھ سسٹم کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کیوں کہ مرض سے بچانے کے لیے حفاظتی اقدامات کی ضرورت ہے۔ حفاظتی ٹیکہ جات بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔