بھارت: 300 روپے کی ٹی شرٹ پر جھگڑا، سابقہ مجرم کو قتل کر دیا گیا

بھارت: 300 روپے کی ٹی شرٹ پر جھگڑا، سابقہ مجرم کو قتل کر دیا گیا

ناگپور: بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر ناگپور میں 300 روپے کی آن لائن خریدی گئی ٹی شرٹ پر جھگڑے کے نتیجے میں ایک شخص کو قتل کر دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، ناگپور پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ملزم اکشے آسولے نے 300 روپے میں ایک ٹی شرٹ خریدی، لیکن وہ اس کے ناپ کی نہیں تھی، جس پر اس نے وہ شرٹ شبھم ہرنے کو دے دی۔ تاہم، شبھم ہرنے نے 300 روپے کی ادائیگی میں تاخیر شروع کر دی، اور جب اکشے آسولے نے رقم کا تقاضا کیا تو شبھم نے پیسے اس کے اوپر پھینک دیے، جس سے دونوں میں تلخی پیدا ہو گئی۔

پولیس کے مطابق، اتوار کے روز اکشے آسولے اور اس کے بھائی پریاگ نے شبھم ہرنے کو کوراپتھ فلائی اوور کے قریب بلایا اور چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا۔ واردات کے بعد دونوں ملزمان فرار ہو گئے، تاہم پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ مقتول شبھم ہرنے اور قاتل بھائیوں کا مجرمانہ ریکارڈ تھا اور ان کے خلاف ناگپور کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔