بھارت: نشے میں بیٹے کو الٹا لٹکانے پر جھگڑا، بیوی نے شوہر کو قتل کر دیا

بھارت: نشے میں بیٹے کو الٹا لٹکانے پر جھگڑا، بیوی نے شوہر کو قتل کر دیا

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک افسوسناک اور پرتشدد گھریلو واقعہ پیش آیا ہے جس میں میاں بیوی کے درمیان جھگڑا جان لیوا ثابت ہوا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دوندیال کشواہا نشے کی حالت میں اپنے سسرال پہنچا، جہاں اس پر الزام ہے کہ اس نے گھر کا دروازہ زبردستی توڑا اور اندر داخل ہونے کے بعد اپنے کمسن بیٹے کو الٹا لٹکا دیا، جس سے گھر میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔واقعے کے دوران اس کی اہلیہ نیلم کشواہا نے مبینہ طور پر اپنے شوہر کو روکنے کی کوشش کی، تاہم صورتحال بگڑنے پر انہوں نے قریب موجود لاٹھی اٹھا کر دوندیال پر وار کر دیا۔ پہلے وار کے بعد وہ چارپائی پر گر گیا، لیکن خاتون نے متعدد وار کیے، جس کے نتیجے میں دوندیال موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔واقعے کے بعد نیلم کشواہا تقریباً آٹھ گھنٹے تک لاش کے پاس موجود رہیں۔

 بعد ازاں وہ قریبی مندر گئیں جہاں انہوں نے کچھ دیر تک عبادت کی اور پھر خود تھانے جا کر پولیس کے سامنے سرنڈر کر دیا۔پولیس کے مطابق لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام یہ بھی جانچ رہے ہیں کہ واقعہ فوری دفاع میں پیش آیا یا اس میں دیگر عوامل بھی شامل تھے۔مقامی سطح پر یہ واقعہ شدید توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور علاقے میں اس افسوسناک واقعے پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔