سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے بیٹے سلیمان خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی، جس میں انہیں مبینہ طور پر ’فری عمران خان‘ کی عبارت والی ٹی شرٹ پہنے دیکھا جا سکتا ہے۔
تاہم فیکٹ چیک کے مطابق یہ ویڈیو حقیقی نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے تیار کی گئی ہے۔
دعویٰ کیا گیا؟
23 اگست 2026 کو ایک ایکس صارف نے سلیمان خان کی مذکورہ ویڈیو شیئر کی۔ ویڈیو میں ان کی ٹی شرٹ پر ’فری عمران خان‘ لکھا دکھائی دیتا ہے جبکہ پوسٹ کے کیپشن میں بھی یہی نعرہ درج تھا۔ویڈیو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہوئی اور اسے ہزاروں مرتبہ دیکھا گیا۔
حقیقت کیا ہے؟
فیکٹ چیک کے دوران ویڈیو کے ایک فریم کا ریورس امیج سرچ کیا گیا، تاہم ایسی کوئی مستند خبر، اصل ویڈیو یا قابلِ اعتماد تصویر سامنے نہیں آئی جس سے یہ ثابت ہو سکے کہ سلیمان خان نے حقیقت میں ایسی ٹی شرٹ پہن رکھی تھی۔ویڈیو کا باریک بینی سے جائزہ لینے پر بھی متعدد غیر معمولی بصری خامیاں سامنے آئیں، جو مصنوعی ذہانت سے تیار کیے گئے مواد کی جانب اشارہ کرتی ہیں۔ویڈیو کے تقریباً 4 سے 5 سیکنڈ کے دوران سلیمان خان کی انگلیاں شیشے کے اندر سے گزرتی ہوئی محسوس ہوتی ہیں، جبکہ اگلے ہی لمحے ان کا ہاتھ شیشے کی رکاوٹ سے غیر فطری انداز میں اوپر جاتا دکھائی دیتا ہے۔ یہ منظر عام انسانی حرکات اور حقیقی ویڈیو میں موجود اشیا کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتا۔
اے آئی ڈیٹیکشن ٹول نے کیا بتایا؟
ویڈیو کو گلوبل آن لائن ڈیپ فیک ڈیٹیکشن سینٹر کے ذریعے بھی جانچا گیا، جہاں ویڈیو اور آڈیو کا تجزیہ متعدد ڈیپ فیک ڈیٹیکشن ماڈلز کی مدد سے کیا گیا۔نتائج کے مطابق ویڈیو کا تجزیہ کرنے والے 22 میں سے 14 ماڈلز نے اسے 0.5 سے زیادہ امکان کے ساتھ جعلی یا مصنوعی قرار دیا۔اسی طرح آڈیو کی جانچ کرنے والے 70 میں سے 50 ماڈلز نے بھی ویڈیو کے آڈیو کے جعلی ہونے کا امکان 0.5 سے زیادہ ظاہر کیا۔بصری خامیوں، ریورس امیج سرچ کے نتائج اور ڈیپ فیک ڈیٹیکشن کے تجزیے کو سامنے رکھتے ہوئے فیکٹ چیک میں ویڈیو کو جعلی قرار دیا گیا ہے۔
نتیجہ
دستیاب شواہد کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی سلیمان خان کی ’فری عمران خان‘ ٹی شرٹ والی ویڈیو حقیقی نہیں۔ فیکٹ چیک کے نتائج اور ڈیپ فیک تجزیے سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ویڈیو مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کی گئی ہے۔