بھارتی فوج میں ایک بار پھر پیشہ ورانہ مہارت اور حفاظتی اقدامات کی کمی واضح ہوئی ہے، کیونکہ ریاست راجستھان میں ایک تربیتی مشق کے دوران ایک ٹینک کے نہر میں ڈوبنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
اس حادثے میں ایک فوجی افسر ہلاک ہوگیا ہے۔یہ واقعہ بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع سری گنگا نگر میں واقع اندرا گاندھی کینال میں پیش آیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق، فوجی مشق کے دوران ایک فوجی ٹینک نہر عبور کرنے کی کوشش میں ڈوب گیا۔ حادثے کے نتیجے میں دو اہلکار اپنی جان بچانے میں کامیاب رہے، لیکن ایک ساتھی فوجی، جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، پھنس کر ہلاک ہوگیا۔ امدادی ٹیموں کی کارروائی میں تاخیر کے سبب، ہلاک ہونے والے سپاہی کی لاش جائے حادثہ سے کافی دور ملی۔
حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں اور سول ڈیفنس فورس نے کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد ہلاک اہلکار کی لاش برآمد کی۔ یہ واقعہ بھارت میں فوجی مشقوں کے دوران پیش آنے والا پہلا حادثہ نہیں ہے۔ اس سے قبل، جون 2024 میں لداخ میں دریا عبور کرنے کے دوران پانچ اہلکار ہلاک ہوئے تھے، جبکہ اکتوبر 2022 میں فائرنگ کی مشق کے دوران ایک ٹینک کے پھٹنے سے دو اہلکار ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوا تھا۔
یہ واقعات بھارت میں فوجی تربیت کے دوران حفاظتی اقدامات اور پیشہ ورانہ مہارت کی کمی کو ظاہر کرتے ہیں، جو فوجی کارروائیوں اور مشقوں کے دوران حفاظتی پیمانوں کے کمزور ہونے کی نشاندہی کرتے ہیں۔