جاپان میں امریکی فوجی اڈے پر مشق کے دوران میرین اہلکار جان سے ہاتھ دھو بیٹھا

جاپان میں امریکی فوجی اڈے پر مشق کے دوران میرین اہلکار جان سے ہاتھ دھو بیٹھا

جاپان کے جزیرے اوکیناوا میں قائم امریکی فوجی اڈے پر تربیتی سرگرمیوں کے دوران پیش آنے والے ایک واقعے میں امریکی فوجی اہلکار ہلاک ہوگیا۔

 امریکی فوجی حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اہلکار کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے، تاہم تاحال اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔حکام کے مطابق یہ واقعہ اوکیناوا جزیرے کے شمال مشرقی ساحل پر واقع گنوزا گاؤں کے قریب کیمپ شواب میں پیش آیا۔ یہ فوجی اڈہ مختلف نوعیت کی عسکری مشقوں کے لیے استعمال ہوتا ہے، جن میں لائیو فائر ڈرلز اور سمندری راستے سے حملے کی تربیت بھی شامل ہے۔تیسری میرین ڈویژن نے بدھ کے روز جاپانی نشریاتی ادارے این ٹی ڈی کو ای میل کے ذریعے جاری کیے گئے بیان میں اہلکار کی ہلاکت کا اعلان کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ خبر انتہائی دکھ اور افسوس کے ساتھ شیئر کی جا رہی ہے۔

فوجی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے اہلکار کا نام اس وقت تک ظاہر نہیں کیا جائے گا جب تک اس کے قریبی رشتہ داروں کو باضابطہ طور پر اطلاع نہیں دے دی جاتی۔ امریکی فوج کے طریقہ کار کے تحت اہلکار کی شناخت اہلِ خانہ کو آگاہ کرنے کے بعد 24 گھنٹے تک روک دی جاتی ہے۔واضح رہے کہ کیمپ شواب 1959 میں قائم کیا گیا تھا اور اسے امریکی میرین کور کی مختلف فوجی تربیتی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس میں فائرنگ کی مشقوں اور ایمفیبیئس آپریشنز کی تربیت بھی شامل ہے۔