جنوبی کوریا میں فوجی مشق کے دوران ایک سنگین حادثہ پیش آیا، جس میں ایک KF-16 جنگی طیارے نے غلطی سے شہری علاقے پر بم گرا دیے، جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔
یہ واقعہ پوسچون کے علاقے میں پیش آیا، جو شمالی کوریا کی سرحد کے قریب واقع ہے اور فوجی مشقوں کے لیے استعمال ہوتا ہے۔معلوم ہوا کہ MK-82 نامی 500 پاؤنڈ وزنی بم ایک مشترکہ لائیو فائر ڈرل کے دوران گرائے گئے تھے، مگر بم مقررہ فائرنگ رینج سے باہر جا کر رہائشی عمارتوں اور ایک چرچ کو نقصان پہنچا۔ جنوبی کوریا کی فضائیہ نے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے، اور اس سلسلے میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی تاکہ واقعے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔
حادثے کے بعد علاقے کے مکینوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے، جنہوں نے پہلے ہی فوجی مشقوں کے خطرات کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ مقامی حکام نے مطالبہ کیا ہے کہ فوجی مشقوں کے طریقہ کار کا از سر نو جائزہ لیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب جنوبی کوریا اور امریکا کی مشترکہ فوجی مشقیں اگلے ہفتے شروع ہونے والی ہیں، جو شمالی کوریا کے خلاف دفاعی تیاریوں کے طور پر دیکھی جا رہی ہیں۔