کینیڈا میں فوجی مشق کے دوران آتشزدگی، 4 اہلکار ہلاک، 39 زخمی

کینیڈا میں فوجی مشق کے دوران آتشزدگی، 4 اہلکار ہلاک، 39 زخمی

البرٹا کے وین رائٹ فوجی اڈے پر گرینیڈ لانچر کی مشق کے دوران آگ بھڑک اٹھی، تیز ہواؤں کے باعث شعلے مختلف تربیتی علاقوں تک پھیل گئے۔

کینیڈا کے صوبے البرٹا میں فوجی اڈے پر تربیتی مشق کے دوران شدید آتشزدگی کے نتیجے میں چار فوجی ہلاک اور 39 زخمی ہوگئے۔ آگ گرینیڈ لانچر سے فائرنگ کی مشق کے دوران لگی، جبکہ تیز ہواؤں کے باعث شعلوں نے تیزی سے پھیل کر فوجی اڈے کے مختلف حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔الجزیرہ، اے ایف پی اور رائٹرز کی رپورٹس کے مطابق، کینیڈین فورسز کے ملٹری پولیس گروپ کی سربراہ بریگیڈیئر جنرل وینیسا ہنراہن نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ واقعہ ہفتے کے روز وین رائٹ فوجی اڈے پر پیش آیا، جہاں اہلکار گرینیڈ لانچر سے فائرنگ کی تربیت حاصل کر رہے تھے۔بریگیڈیئر جنرل وینیسا ہنراہن کے مطابق، ہوا کی رفتار اور سمت میں تبدیلی کے باعث آگ کی شدت میں اضافہ ہوا اور شعلے تربیتی علاقے سے آگے دوسرے حصوں تک پھیل گئے۔ آگ ایسے علاقے میں بھی پہنچ گئی جہاں فائرنگ کی مشقوں کے باعث مسلسل خطرے کی وارننگ موجود تھی، جس کی وجہ سے فائر فائٹرز کے لیے براہِ راست وہاں پہنچ کر آگ بجھانا ممکن نہیں رہا۔

رپورٹ کے مطابق، تھرڈ بٹالین، پرنسس پیٹریشیا کی کینیڈین لائٹ انفنٹری کی چارلی کمپنی کے اہلکار شدید نوعیت کی جنگی تربیت میں مصروف تھے۔ تقریباً 84 فوجیوں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ایک گروپ گرینیڈ فائرنگ کی رینج میں مشق کر رہا تھا، جبکہ دوسرا فرضی دشمن کے ٹھکانوں پر حملے کی تربیت حاصل کر رہا تھا۔ آگ پھیلتے ہوئے دوسرے تربیتی علاقے تک بھی جا پہنچی۔حادثے میں چار فوجیوں کی جانیں ضائع ہوئیں جبکہ 39 اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے 27 کو اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ دیگر کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ اس واقعے کو کینیڈین فوج کے لیے امن کے دور کے سنگین ترین سانحات میں شمار کیا جا رہا ہے۔

متاثرہ فوجی اور ریزرو اہلکار لٹویا میں مجوزہ تعیناتی سے قبل تربیتی مشقوں میں حصہ لے رہے تھے۔ کینیڈا نیٹو کے تحت لٹویا میں ایک بڑے بین الاقوامی فوجی آپریشن میں شریک ہے، جس کا مقصد اتحاد کے مشرقی حصے میں دفاعی تعاون اور سکیورٹی کو مضبوط بنانا ہے۔