ترکیہ کی وزارتِ خارجہ نے مصر اور قطر کے ساتھ مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں طبی تنصیبات پر اسرائیلی حملے بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تینوں ممالک نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرے اور مزید شہری ہلاکتوں کو روکنے کے لیے جنگ بندی برقرار رکھے۔مشترکہ بیان میں ترکیہ، مصر اور قطر نے غزہ کی پٹی میں جاری اسرائیلی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ صحت کی سہولیات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں شہری ہلاکتیں ہو رہی ہیں۔ترک وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ طبی مراکز پر حملے بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کی واضح خلاف ورزی ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں معاہدے کے دوسرے مرحلے پر عمل درآمد کی سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہیں، اور فریقین کو فوری طور پر اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہییں تاکہ خطے میں کشیدگی میں کمی اور شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔