وزیرِ خارجہ و نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار سے مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے قطر کے دارالحکومت دوحا پر اسرائیلی فضائی حملوں کی شدید مذمت کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے اس حملے کو بلا اشتعال اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ ایسے اقدامات خطے میں امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے دوحا پر حملوں پر گہرے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو اس کے اقدامات سے باز رکھنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔
اس موقع پر وزرائے خارجہ نے 14 ستمبر کو دوحا میں ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کی تیاریوں اور طریقہ کار پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں مسلم ممالک کی مشترکہ حکمت عملی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔