ملکی مسائل کا حل آئین پر عمل میں ہے: شاہد خاقان عباسی

ملکی مسائل کا حل آئین پر عمل میں ہے: شاہد خاقان عباسی

عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کے تمام مسائل کا حل انتہائی آسان ہے، بس آئین پر عمل کیا جائے۔

میانوالی میں سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کو ترقی دینی ہے تو اسے آئین کے مطابق چلانا ہوگا، انصاف کی بنیاد پر فیصلے کرنا ہوں گے، اور آئینی اصولوں کو مکمل طور پر اپنانا ہوگا۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو آئین کے کسی حصے سے اختلاف ہے تو اس میں مناسب ترامیم کی جا سکتی ہیں، لیکن غیر آئینی طریقوں سے فیصلے نہیں ہونے چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ہر پاکستانی یہ سوال کر رہا ہے کہ ہمارا اور ملک کا مستقبل کیا ہوگا، اور اس کا واحد حل آئین پر مکمل عمل درآمد ہے۔

انہوں نے پاکستان کی عوام کی خیرات کرنے کی صلاحیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم دنیا میں سب سے زیادہ صدقہ و خیرات کرنے والی اقوام میں شامل ہے، لیکن بدقسمتی سے ٹیکس دینے کے معاملے میں پیچھے ہے۔شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ مغربی ممالک میں بھی غزہ کے مظلوم عوام کے حق میں آواز بلند کی گئی، اور پاکستان کو بھی اپنی قومی و بین الاقوامی پالیسیوں کو آئینی اور اصولی بنیادوں پر استوار کرنا ہوگا تاکہ ملک ایک مستحکم سمت میں جا سکے۔