آن لائن پتنگوں کی سپلائی میں ملوث ملزم گرفتار

لاہور (کرائم رپورٹر)ڈولفن سکواڈ نے شہر بھر میں پتنگ بازوں اور پتنگ فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈائون کے دوران اولڈ انارکلی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے آن لائن پتنگوں کی سپلائی میں مبینہ طور پر ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ترجمان ڈولفن کے مطابق اولڈ انارکلی ڈولفن ٹیم نے سٹاپ اینڈ سرچ کے دوران مشتبہ شخص کو حراست میں لیا۔ تلاشی کے دوران ملزم کے قبضے سے 70سے زائد پتنگیں برآمد ہوئیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم نے مہارت سے پتنگوں کو ایل سی ڈی کارٹن میں چھپا رکھا تھا تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے بچ سکے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزم، جس کی شناخت حسن کے نام سے ہوئی ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں آن لائن پتنگوں کی سپلائی کے دھندے میں ملوث تھا۔پولیس نے ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ اولڈ انارکلی کے حوالے کر دیا ہے، جہاں اس کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش جاری ہے۔ترجمان ڈولفن نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پتنگ بازی اور اس سے متعلق غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔