ہربنس پورہ میں پتنگوں کی سپلائی ناکام، ایک ملزم گرفتار

اصغر علی کے قبضے سے دو چرخیاں بھی ملیں، مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع
 لاہور (کرائم رپورٹر) پتنگ فروشی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ہربنس پورہ پولیس نے پتنگوں کی سپلائی ناکام بنا کر ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس ترجمان کینٹ کے مطابق گرفتار ملزم اصغر علی کے قبضے سے ایک ہزار سے زائد پتنگیں اور دو چرخیاں برآمد ہوئی ہیں۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کی ہدایات پر پتنگ فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ایس پی کینٹ عثمان عزیز میر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ تاریخوں کے علاوہ پتنگ بازی اور پتنگ فروشی پر سخت پابندی عائد ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کی اطلاع فوری طور پر پولیس ایمرجنسی نمبر 15 پر دیں۔