لاہور: جوتوں کی دکان سے 3 لاکھ روپے چوری کرنے والا سابق ملازم گرفتار

لاہور: جوتوں کی دکان سے 3 لاکھ روپے چوری کرنے والا سابق ملازم گرفتار

راوی روڈ پولیس نے نجی جوتوں کی دکان سے 3 لاکھ روپے نقدی چوری کرنے والے سابق ملازم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے باقی ماندہ رقم بھی برآمد کر لی ہے۔

پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا گیا۔ ایس پی سٹی عاطف امیر نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم کاشف جاوید ماضی میں مذکورہ جوتوں کی دکان پر ملازمت کرتا تھا، تاہم وہ تقریباً تین سال قبل ملازمت چھوڑ چکا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم بعد ازاں دو مرتبہ دوبارہ ملازمت حاصل کرنے کے بہانے دکان پر آیا۔ ایک موقع پر اس نے مالک کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 3 لاکھ روپے نقدی چوری کی اور موقع سے فرار ہو گیا۔ایس پی سٹی کے مطابق ملزم نے چوری کی گئی رقم سے ہوٹلنگ کی اور ایک موبائل فون بھی خریدا۔ بعد ازاں ایس ایچ او راوی روڈ عاصم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا اور اس کے قبضے سے باقی ماندہ نقد رقم برآمد کر لی۔پولیس کے مطابق ملزم کاشف جاوید کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں اس سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔