پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ کے خلاف اہم ٹیسٹ سیریز سے قبل بڑا فیصلہ کرتے ہوئے جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے 46 سالہ سابق کرکٹر مائیکل اسمتھ کو قومی کرکٹ ٹیم کا نیا بیٹنگ کوچ مقرر کر دیا ہے۔
پی سی بی کے ترجمان کے مطابق مائیکل اسمتھ کو دو سالہ معاہدے کے تحت پاکستان کی ریڈ بال (ٹیسٹ) اور وائٹ بال (ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی) دونوں ٹیموں کا بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ وہ لیول فور کوچنگ کوالیفکیشن کے حامل ہیں اور بین الاقوامی و ڈومیسٹک سطح پر کوچنگ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔مائیکل اسمتھ اس سے قبل ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تین مختلف فرنچائزز کے کوچنگ اسٹاف کا حصہ رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ کی ٹیم ہوبارٹ ہریکینز اور کرکٹ تسمانیہ کے ساتھ بھی بطور بیٹنگ کوچ خدمات انجام دے چکے ہیں۔بطور کھلاڑی مائیکل اسمتھ نے فرسٹ کلاس، لسٹ اے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں مجموعی طور پر 7,029 رنز اسکور کیے، جن میں 9 سنچریاں اور 40 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق مائیکل اسمتھ انگلینڈ کے خلاف آئندہ ہوم ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔ یاد رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 19 اگست سے ہوگا۔