سری لنکا کے خلاف نوجوان بیٹرز نے متاثر کن کھیل پیش کیا، قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ مائیکل سمتھ

سری لنکا کے خلاف نوجوان بیٹرز نے متاثر کن کھیل پیش کیا، قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ مائیکل سمتھ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ مائیکل سمتھ نے قومی ٹیم کے بیٹرز کی کارکردگی، تیاریوں اور مستقبل کے اہداف کے حوالے سے اہم گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم کی بیٹنگ فارم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

 ان کا کہنا ہے کہ بابر اعظم اچھی بیٹنگ کر رہے ہیں اور امید ہے کہ جلد ان کے بلے سے بڑے اسکور سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔مائیکل سمتھ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے پوڈ کاسٹ ’’اسٹریٹ ڈرائیو ود سلمان بٹ‘‘ اور ’’انسائیڈ دی نیٹس‘‘ سیشنز میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم آسانی سے کریز پر سیٹ ہو رہے ہیں اور ان میں بڑی اننگز کھیلنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے فخر زمان کو ورلڈ کلاس کھلاڑی قرار دیتے ہوئے ان کی صلاحیتوں پر بھی مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔بیٹنگ کوچ کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں نوجوان بلے بازوں کی کارکردگی اچھی رہی، تاہم یہ صرف ایک شروعات ہے اور ٹیم کو ابھی کئی شعبوں میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق ٹیم کی کوشش ہے کہ کھلاڑیوں کی ذہنی اور تکنیکی صلاحیتوں کو اس انداز میں بہتر بنایا جائے کہ وہ مختلف کنڈیشنز میں بھی مؤثر کارکردگی دکھا سکیں۔مائیکل سمتھ نے نوجوان بلے بازوں کی انفرادی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اذان اویس نے انگلینڈ کے خلاف اچھی بیٹنگ کی اور لارڈز ٹیسٹ میں جوفرا آرچر جیسے باؤلر کے خلاف اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ طیب عارف جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرنا پسند کرتے ہیں، جبکہ طحہ طویل اننگز کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم میں مختلف مہارتوں کے حامل بلے بازوں کی موجودگی بہت ضروری ہے۔ تمام کھلاڑی اپنی بیٹنگ میں مزید بہتری لانا چاہتے ہیں اور بہترین کارکردگی دکھانے کی بھوک ہر کھلاڑی میں موجود ہے۔قومی ٹیم کے دیگر بلے بازوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مائیکل سمتھ نے کہا کہ سلمان علی آغا نے انگلینڈ سیریز کے بعد اپنی بیٹنگ تکنیک میں کچھ تبدیلیاں کی ہیں، جبکہ سعود شکیل بہترین فارم میں ہیں اور مڈل آرڈر کے ورلڈ کلاس بلے باز ہیں۔ غازی غوری نے بھی سری لنکا کے خلاف خود اعتمادی کے ساتھ بیٹنگ کی۔بیٹنگ کوچ نے تیاریوں کے حوالے سے بتایا کہ موسم اور پچ کی رفتار کو مدنظر رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کو ٹرف نیٹس میں باؤنس، سیم اور پیس کے مطابق پریکٹس کرائی جا رہی ہے، تاکہ وہ ٹیسٹ کرکٹ کی مختلف کنڈیشنز اور گڈ لینتھ گیندوں کا بہتر انداز میں سامنا کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم مینجمنٹ کی کوشش ہے کہ کھلاڑیوں کی ذہنیت مضبوط بنائی جائے اور اجتماعی کارکردگی کو بہتر بنایا جائے۔ اس کے ساتھ باؤلرز کی بیٹنگ صلاحیتوں پر بھی کام کیا جا رہا ہے تاکہ وہ بیٹ کے ذریعے بھی ٹیم کے لیے قیمتی رنز بنا سکیں۔