اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے پاکستان کا معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب سفر جاری ہے، مالیاتی نظم و ضبط، برآمدات میں اضافے اور نجی سرمایہ کاری کا فروغ ناگزیر ہے۔پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کی تقریب سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کو ایسی مالیاتی جدت چاہیے، جو کاروباری لاگت کم کرے اور زیادہ افراد کو باضابطہ معیشت کا حصہ بنائے، ڈیجیٹل اثاثوں کو مالیاتی نظام میں جگہ، حقیقی معاشی فوائد اور کاروباری آسانی کی بنیاد پر ملنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سفر معاشی استحکام سے، پائیدار ترقی کی جانب جاری ہے، مالیاتی نظم و ضبط، برآمدات میں اضافے اور نجی سرمایہ کاری کا فروغ ناگزیر ہے، ڈیجیٹل جدت، مالیاتی نظام کو زیادہ افراد تک پہنچانے اور کاروباری خدمات میں موثر معاون ہونی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ بلاک چین نیٹ ورکس پر ادارہ جاتی صارفین کے لئے ڈپازٹ ٹوکنز کا استعمال ڈیجیٹل مالیاتی جدت کی عملی مثال ہے، بینک فار انٹرنیشنل سیٹلمنٹس کا پراجیکٹ اگورا، ٹوکنائزڈ بینک ڈپازٹس کا جائزہ لے رہا ہے، مرکزی بینک، ذخائر کے ذریعے سرحد پار ادائیگیوں کے امکانات کا جائزہ لے رہا ہے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ساتھ رقوم کا تحفظ، خطرات سے نمٹنے میں بینکوں کا اہم کردار ہے، صارفین کو خدمات کی فراہمی میں بھی بینکوں کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔