فتنہ پارٹی کے دور میں بچوں کو ’مار دو، گرا دو، بم بنا لو‘ کا سبق دیا گیا: عظمیٰ بخاری

فتنہ پارٹی کے دور میں بچوں کو ’مار دو، گرا دو، بم بنا لو‘ کا سبق دیا گیا: عظمیٰ بخاری

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ فتنہ پارٹی کے دور میں بچوں کو ’مار دو، گرا دو، بم بنا لو‘ کا سبق دیا گیا۔

صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم پر اپنے بیان میں کہا کہ آج اسکالرشپ چیک تقسیم کرنے کی تقریب میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی خوشی قابل دید تھی۔ یہ تقریب حکومت پنجاب کے تحت طلبہ کی تعلیمی معاونت کے منصوبے کے سلسلے میں منعقد کی گئی۔عظمیٰ بخاری نے ماضی کی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں قوم کے بچوں کو تشدد، نفرت اور انتشار کا درس دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بچوں کو کہا جاتا تھا، ’’مار دو، گرا دو، ڈنڈے پکڑ لو، پیٹرول بم بنا لو‘‘۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کی ترجیحات نے نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، جبکہ موجودہ حکومت تعلیم اور ترقی پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اب مریم نواز کی قیادت میں بچوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے منصوبے نوجوانوں کے لیے ترقی اور کامیابی کے دروازے کھول رہے ہیں۔ طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ کی تقسیم، الیکٹرک بائیکس، کاروبار کے لیے قرض حسنہ اور اسکالرشپ جیسے اقدامات اس کا واضح ثبوت ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ سب نوجوانوں کی بہتر تعلیم، روزگار اور ترقی کے لیے کیے جا رہے ہیں تاکہ پاکستان کا مستقبل روشن ہو۔