پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے راولپنڈی میں "ستھرا پنجاب پروگرام" کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سیاست کارکردگی پر مبنی ہے، جبکہ فتنہ اور فساد کی سیاست کرنے والے الگ راہ پر ہیں۔
ملک کی ترقی اور معیشت پر بات کریں، نہ کہ فتنے اور گالی گلوچ پر
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو سمجھنا ہوگا کہ جو ملک میں ترقی کے منصوبے مکمل کرتے ہیں، سڑکیں اور اسپتال بناتے ہیں، ووٹ ان ہی کا حق ہے۔ "2018 میں جو مینڈیٹ ہم سے چھینا گیا تھا، وہ 2024 میں واپس مل گیا ہے۔ ہم سے 9 مئی اور گالی گلوچ پر سوال نہ کریں بلکہ معیشت، بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے اور ترقیاتی منصوبوں پر سوال کریں۔"
معاشی استحکام اور مہنگائی میں کمی
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف سے بات کرکے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، جس کے مثبت نتائج اب واضح ہو رہے ہیں۔ "آج مہنگائی کم ترین سطح پر ہے، اسٹاک ایکسچینج تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے، اور برآمدات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔"
پنجاب میں ترقیاتی منصوبے اور عوامی فلاح و بہبود
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ:پنجاب میں ایک ہزار طلبہ کو اسکالرشپ دی جا رہی ہے۔پانچ لاکھ افراد کو گھروں میں مفت دوائی فراہم کی جا چکی ہے۔زیرِ تعمیر کینسر اسپتال میں ایک ہزار مریضوں کے علاج کی گنجائش ہوگی۔"وزیراعلیٰ پنجاب پروگرام" کے تحت 700 سڑکوں کی تعمیر جون 2025 تک مکمل ہوگی۔
ہر گھر میں حفاظتی انجیکشن اور لیڈی ہیلتھ انسپکٹرز تعینات کی جائیں گی۔"دھی رانی" پروگرام شروع ہو چکا ہے، اور کسانوں کو کسان کارڈ کے ذریعے بارانی علاقوں میں بغیر سود کے قرضے دیے جا رہے ہیں۔
کارکردگی پر توجہ، الزام تراشی کی سیاست سے گریز
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ حکومت دن رات عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے، اور وہ فتنہ، گالی اور الزام تراشی کی سیاست کا جواب دینے کے بجائے ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دیں گے۔