چینی باشندے کے گھر سے 1 کروڑ 80 لاکھ روپے چوری ہوئے پولیس برآمد کرکے 60لاکھ خوردبرد کرلئے
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈیفنس بی کے علاقے میں چینی باشندے کے گھر سے چوری ہونے والی رقم برآمد ہونے کے بعد خوردبرد کا الزام ثابت ہونے پر ایس ایچ او سمیت سات پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔ لاہور میں چینی باشندے کے گھر میں چوری کی واردات ہوئی، پولیس نے چوروں کو پکڑ کر مسروقہ رقم برآمد کر لی، تاہم برآمدہ رقم میں خوردبرد کی شکایت سامنے آئی، جس کی انکوائری شروع کر دی گئی۔ پولیس انکوائری میں خوردبرد ثابت ہونے پر ایس ایچ او سمیت سات پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔ اے ایس پی ڈیفنس شہر بانو نقوی نے افسر و اہلکاروں کی معطلی کی رپورٹ درج کرا دی۔ ذرائع کے مطابق ایس ایچ او علی حسن نے اپنے ماتحت اہلکاروں کے ساتھ مل کر چینی شہری کی چوری شدہ رقم کی برآمدگی میں خوردبرد کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چوروں نے چینی باشندے کے گھر سے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے چوری کیے تھے، پولیس اہلکاروں نے برآمد کی گئی رقم میں سے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے واپس کیے، 60 لاکھ روپے کی رقم خوردبرد کر لی گئی۔