مزید طوفانی بارشوں کا الرٹ، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ گئے

مزید طوفانی بارشوں کا الرٹ، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ گئے

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں مزید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات سے خبردار کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، کشمیر، اسلام آباد، پنجاب، سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہے گا اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ بالائی پنجاب، جنوبی بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں کہیں کہیں شدید بارش متوقع ہے۔

لاہور
شہر میں آج مطلع جزوی ابر آلود اور حبس برقرار رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹوں میں بارش کا امکان ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 27 جبکہ زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

کراچی
گلشنِ اقبال، یونیورسٹی روڈ، ناظم آباد، کورنگی اور کلفٹن سمیت مختلف علاقوں میں بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا۔ شہریوں نے تفریحی مقامات کا رخ کیا تاہم نمی کے باعث حبس بھی بڑھ گیا۔

اسلام آباد
شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے درجہ حرارت میں 3 سے 4 ڈگری کمی ہوئی۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بارش اور آندھی کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت دی۔

خیبرپختونخوا
صوبے میں حالیہ بارشوں اور فلش فلڈ سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق اب تک 341 افراد جاں بحق، 178 زخمی جبکہ 420 مکانات متاثر ہوئے۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں ضلع بونیر میں ہوئیں جہاں 222 افراد جاں بحق ہوئے۔

ایبٹ آباد/مانسہرہ
بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ ایبٹ آباد کے تاجوال علاقے میں زیرِ تعمیر مکان اور پل بہہ گئے، اسکول کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔ مانسہرہ، کاغان اور ناران میں تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں۔

سندھ و جنوبی پنجاب
خیرپور ناتھن شاہ اور گردونواح میں بارش کے بعد نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔ سڑکیں اور گلیاں ڈوبنے سے نظامِ زندگی مفلوج ہو گیا اور شہر بھر میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔قصور میں دریائے ستلج میں 65 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلہ گزر رہا ہے، ہزاروں ایکڑ زرعی زمین ڈوب گئی اور کئی دیہات کا رابطہ منقطع ہو گیا۔