پنجاب اور آزاد کشمیر میں شدید بارشوں کا الرٹ، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ

پنجاب اور آزاد کشمیر میں شدید بارشوں کا الرٹ، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ

پنجاب اور آزاد کشمیر کے کئی علاقوں میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

 نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کے مطابق اگلے 12 تا 24 گھنٹوں کے دوران گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، جہلم، چکوال، منڈی بہاالدین، حافظ آباد، ننکانہ صاحب، چنیاں اور پاکپتن میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔NDMA نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارش کے باعث شہری آبادیوں اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ آزاد کشمیر کے پہاڑی اضلاع نیلم ویلی، باغ، کوٹلی، راولا کوٹ، مظفرآباد اور حویلی میں وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں، جس سے لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلاب کی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔ پہاڑی نالوں میں پانی کے تیز بہاؤ سے رابطہ سڑکوں پر ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے۔

دریائے ستلج کے بہاؤ میں اضافے اور ممکنہ سیلابی صورتحال پر NDMA نے پہلے ہی الرٹ جاری کیا ہے۔ متعلقہ ادارے، بشمول پی ڈی ایم اے پنجاب، ریسکیو 1122 اور پاک آرمی کے انجینئرز، سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور ستلج کے قریبی علاقوں میں بڑے پیمانے پر انخلاء کی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔الرٹ میں عوام سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دریاؤں، نالوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ٹی وی، ریڈیو، موبائل الرٹس یا NDMA ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کے ذریعے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔