لیاری کی فٹبال ٹیم کی ناروے کپ میں فتح، وزیراعلیٰ سندھ کی مبارکباد

لیاری کی فٹبال ٹیم کی ناروے کپ میں فتح، وزیراعلیٰ سندھ کی مبارکباد

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے لیاری کی فٹبال ٹیم کو ناروے کپ 2025 جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان اور سندھ کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے پیغام میں کہا کہ لیاری کے نوجوان کھلاڑیوں نے دنیا بھر میں پاکستان اور سندھ کا نام روشن کر کے سب کے دل جیت لیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیاری کے نوجوان ہماری پہچان اور فخر ہیں اور حکومت سندھ ان ہیروز کو قومی سطح پر پذیرائی دلانے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ لیاری کی یہ فتح نہ صرف کراچی بلکہ پورے پاکستان کے لیے باعثِ فخر لمحہ ہے اور اس سے دنیا بھر میں مثبت پیغام گیا ہے۔

یاد رہے کہ ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں ہونے والے دنیا کے سب سے بڑے یوتھ فٹبال ٹورنامنٹ "ناروے کپ 2025" میں کراچی کے علاقے لیاری کے کھلاڑیوں پر مشتمل بیٹر فیوچر پاکستان فٹبال کلب نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے بوائز انڈر 15 ایونٹ کے فائنل میں ناروے کے یووک لین ایف سی کو 0-2 سے شکست دی تھی۔ ٹیم پورے ایونٹ میں ناقابل شکست رہی۔

فاتح ٹیم کے کھلاڑی آج صبح کراچی پہنچے، جہاں ان کا شاندار اور والہانہ استقبال کیا گیا۔