ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا ایوان صدر آمد پرپرتپاک استقبال ‘صدر زرداری نے مرکزی دروازے پراستقبال کیا، دونوں رہنمائوں کے درمیان خیرسگالی کے کلمات کا تبادلہ ہوا ، وفد کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا
مشکل وقتوں میں ایران کی یکجہتی پر شکریہ ‘ صدر پزشکیان کا دورہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا‘پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات مشترکہ مذہب، ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی ہیں:صدر آصف علی زرداری
12 روزہ جنگ کے دوران پاکستان کی قیادت اور عوام کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہیں‘ پاکستان نے کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے پْرامن حل کیلئے تعمیری کردار ادا کیا:ایرانی صدر کی ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)صدر مملکت آصف علی زرداری اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا عزم کیا گیا۔ صدر زرداری نے ہم منصب ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا ایوانِ صدر میں پْرتپاک خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں تعلقات کو عزم دینے، دونوں ممالک نے وسیع اور باہمی فائدے کے حامل شعبوں میں تعلقات بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادل خیال کیا۔صدر مملکت نے کہا پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات مشترکہ مذہب، ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔دونوں رہنماؤں نے تنازعات کو بڑھنے سے روکنے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مربوط سفارتی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا، صدر آصف علی زرداری نے علاقائی معاملات پر ایران کے اصولی مؤقف کو سراہا اور خطے میں تعاون کے لیے تہران کی مستقل حمایت پر اظہار تشکر کیا۔ صدر مملکت نے مشکل وقتوں میں ایران کی یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ایران خطے کے پْرامن اور خوشحال مستقبل کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔صدر نے رہبرِ معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا جموں کشمیر پر بھارتی غیر قانونی قبضے کے خلاف عوام کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ صدر نے ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی سخت مذمت کی، صدر نے 12 روزہ جنگ کے دوران ایرانی قوم کی جرات اور اتحاد کو خراجِ تحسین پیش کیا،صدر زرداری نے امید ظاہر کی کہ صدر پزشکیان کا دورہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے 12 روزہ جنگ کے دوران پاکستان کی قیادت اور عوام کی حمایت پر شکریہ ادا کیا، صدر پزشکیان نے کہا کہ پاکستان نے کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے پْرامن حل کے لیے تعمیری کردار ادا کیا۔قبل ازیں ایران کے صدرمسعود پزشکیان کے ایوان صدر پہنچنے پر صدرآصف علی زرداری نے معززمہمان کا مرکزی دروازے پراستقبال کیا، نائب وزیراعظم وزیر خارجہ اسحاق ڈاربھی اس موقع پر موجود تھے۔ایوان صدرآمد پرصدرمسعود پزشکیان کوگلدستہ پیش کیا گیا، دونوں رہنمائوں کے درمیان خیرسگالی کے کلمات کا تبادلہ ہوا۔ایوان صدر میں مسعود پزشکیان اور وفد کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا ۔