جنگ بندی کا خیرمقدم‘پاکستان نے خطے اور پوری انسانیت کے مفاد میں کام کیا آصف زرداری

پاکستان نے ہمیشہ نیک نیتی کے ساتھ کشیدگی میں کمی کے لئے کام کیا ‘امن علاقائی سلامتی، معاشی استحکام اور باہم جڑے ہوئے خطوں کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ناگزیر ہے:صدر مملکت کا بیان
اسلام آباد(آن لائن)صدر آصف علی زرداری نے امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والی جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک بروقت قدم قرار دیا ہے، جو مکالمے، تحمل اور زیادہ مستحکم علاقائی ماحول کے لیے مواقع فراہم کرتا ہے۔ اپنے ایک بیان میں صدر نے کہا  پاکستان نے ہمیشہ نیک نیتی کے ساتھ کشیدگی میں کمی کے لیے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا، "ہم نے یہ کام خطے کے لیے اور پوری انسانیت کے وسیع تر مفاد میں کیا، ایسے وقت میں جب دنیا ایک بڑے سانحے کے انتہائی قریب پہنچ چکی تھی۔ امن علاقائی سلامتی، معاشی استحکام اور باہم جڑے ہوئے خطوں کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ناگزیر ہے۔ پاکستان کو اس بات پر فخر ہے کہ اس نے دانشمندی، عزم اور امن کے لیے غیر متزلزل وابستگی کے ساتھ قیادت کی۔ انہوں نے ایران اور امریکہ کی قیادت کو بھی سراہا کہ انہوں نے تباہی کے دہانے سے پیچھے ہٹ کر مکالمے کا راستہ اختیار کیا۔ انہوں نے واشنگٹن، تہران، اسلام آباد اور خلیجی ممالک خصوصا سعودی عرب کی قیادت کی انتھک کوششوں کو بھی سراہا، جنہوں نے کشیدگی میں کمی اور سفارتکاری کے لیے ماحول ہموار کیا۔صدر نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی مسلسل سفارتی کاوشوں، قیادت اور اقدامات کو بھی خراج تحسین پیش کیا، جنہوں نے کشیدگی میں کمی اور امن کے فروغ میں پاکستان کی کوششوں کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا