پاکستان اور تاجکستان خطے میں امن، استحکام کیلئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں آصف زرداری

تاجکستان وسطی ایشیا کا دروازہ ہے ‘ پاکستان تاجکستان کیلئے سمندری راستے کی اہمیت رکھتا ہے، جو دونوں ممالک کیلئے بہترین موقع فراہم کرتا ہے
پا کستان تاجکستان کیساتھ د فاعی، اقتصادی اور ثقافتی سطح پر   تعلقات کو  فروغ دینے  کیلئے تیار ہے:تاجک وزیردفاع سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(آن لائن) تاجکستان کے وزیر دفاع کرنل جنرل عمومالی عبدالرحیم صبرزودا نے پاکستان کے صدر آصف علی زرداری سے ایوانِ صدر میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی، معاشی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان تاجکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے تیار ہے، خاص طور پر دفاعی، اقتصادی اور ثقافتی سطح پر۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان روابط باہمی احترام، مشترکہ ثقافت اور تعاون پر مبنی ہیں، اور دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کی حمایت کی ہے۔صدر نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تجارت بڑھانے کے وسیع امکانات پر بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ تاجکستان وسطی ایشیا کا دروازہ ہے اور پاکستان تاجکستان کے لیے سمندری راستے کی اہمیت رکھتا ہے، جو دونوں ممالک کے لیے ایک بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔پاکستانی صدر نے کاسا 1000 منصوبہ کی بروقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیا، جو دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک خطے میں امن، استحکام اور باہمی رابطوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں