پاکستان، ترکی اور آذربائیجان مشترکہ اہداف کیلئے تعاون جاری رکھیں گے:آصف زرداری

صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ترکی اور آذربائیجان کی پارلیمانوں کے سپیکرز کی ملاقات، سہ فریقی تعاون پر زور دیا گیا
اسلام آباد (آن لائن)صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی اور آذربائیجان کی ملی مجلس کی اسپیکرز نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سہ فریقی پارلیمانی تعاون، علاقائی روابط، اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدرِ مملکت نے ترکی اور آذربائیجان کے اسپیکرز کو سہ فریقی اسپیکرز کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان، ترکی اور آذربائیجان کے تعلقات مشترکہ مذہب، باہمی اعتماد اور امن کی بنیاد پر استوار ہیں۔آذربائیجان کی اسپیکر صاحبہ غفاروا نے صدرِ مملکت کو آذربائیجان کی قیادت کے نیک جذبات اور خیر سگالی کے پیغامات پہنچائے اور بتایا کہ سہ فریقی اسپیکرز کانفرنس کا پہلا اجلاس آذربائیجان، دوسرا ترکی اور تیسرا پاکستان میں منعقد ہوا۔ انہوں نے پاکستانی ارکانِ پارلیمان کو باکو کا دورہ کرنے کی دعوت دی تاکہ ماحولیاتی تبدیلی جیسے اہم مسئلے پر تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔صدر آصف علی زرداری نے ترکی کی جانب سے پاکستان کی اقوامِ متحدہ انسانی حقوق کونسل کی رکنیت کی حمایت کو سراہا اور اسے دونوں برادر ممالک کے مابین اعتماد کی علامت قرار دیا۔