خیبرپختونخوا حکومت بانی پی ٹی آئی کے وژن کی نمائندہ ہے ‘بانی پی ٹی آئی کے پیغام کی کسی مستند ذریعے سے تصدیق نہیں ہوئی
علی امین گنڈاپور متعدد بار کہہ چکے ہیں حکومت بانی پی ٹی آئی کی امانت ہے‘صوبے میں امن کیلئے اقدامات کررہے ہیں:بیان
پشاور(آئی این پی )ترجمان وزیراعلی خیبر پختونخوا فراز مغل نے کہا ہے خیبر پختونخوا حکومت بانی پی ٹی آئی کے وژن کی نمائندہ ہے، بانی پی ٹی آئی جب چاہیں گے وزیراعلی منصب چھوڑ دیں گے۔ بانی تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو عہدہ چھوڑنے سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعلی کے پی کے ترجمان نے کہا کہ علی امین گنڈاپور حکومت سے متعلق بانی پی ٹی آئی کے پیغام کی کسی مستند ذریعے سے تصدیق نہیں ہوئی، علی امین گنڈاپور متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ کے پی حکومت بانی پی ٹی آئی کی امانت ہے۔ان کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈا پور وزیراعلی ہونے کے باوجود اڈیالہ جیل میں اپنے لیڈر سے نہیں مل سکتے، عدالتوں کی جانب سے احکامات بھی موجود ہیں، لیکن آئین اور قانون کی پاسداری نہیں کی جاتی۔ترجمان وزیر اعلی نے کہا کہ علی امین گنڈاپور خیبر پختونخوا میں امن و امان کے قیام کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، دہشتگردی کے خاتمے کے لیے علاقائی سطح پر قبائلی جرگوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔فراز مغل نے کہا کہ گزشتہ روز بھی وزیراعلی ہاس میں قبائلی عمائدین کا جرگہ منعقد کیا گیا، جرگوں کے بعد ایک گرینڈ قبائلی مشاورتی جرگہ تشکیل دیا جائیگا۔