عوام چاہیں تو صوبے بن جائیں گے، نہیں چاہیں گے تو نہیں بنیں گے:رانا ثنا ء اللہ

 نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کی بحث کا اصل فورم پارلیمنٹ ہے،حکومت کے پاس ایسا کوئی آئینی راستہ نہیں  وہ ازخود ریفرنڈم کا فیصلہ کرا سکے 
اسلام آباد(آئی این پی )  وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے  عوام چاہیں تو صوبے بن جائیں گے، نہیں چاہیں گے تو نہیں بنیں گے، نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کی بحث کا اصل فورم پارلیمنٹ  ہے ، اسلام آباد کو نیا انتظامی ماڈل دینے سے متعلق تجاویز ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں۔ایک انٹرویو میں  انہوں نے کہا کہا  کہ ملک میں نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کا قیام صرف اسی صورت ممکن ہے اگر عوام اور پارلیمنٹ اس کی منظوری دیں۔وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس فی الوقت ایسا کوئی آئینی راستہ نہیں کہ وہ ازخود ریفرنڈم کا فیصلہ کر سکے۔انہوں نے وضاحت کی کہ آئین کے آرٹیکل 48 کی شق (6) کے تحت حکومت یا وزیرِ اعظم خود ریفرنڈم کروانے کے مجاز نہیں ہیں، کسی بھی قومی اہمیت کے معاملے پر ریفرنڈم کی منظوری صرف پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے ہی دی جا سکتی ہے۔