بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ اتحاد اور اتفاق کی بات کی ، پارٹی کے اندر اور باہر ایسے لوگ ہیں جو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں:وزیراعلی خیبرپختونخوا
پشاور(آئی این پی )وزیراعلی علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا پیغام آیا بجٹ پیش ہوگا لیکن منظوری میری طرف سے ہوگی ۔اپنے ایک بیان میں علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے تمام ورکرز اور سپورٹرز کو سلام پیش کرتا ہوں اور پیغام دیتا ہوں، پاکستان ایمان اتحاد اور نظم وضبط پر معروض وجود میں آیا، پاکستان تحریک انصاف ایمان اتحاد، نظم و ضبط اور خوداری پر بنائی گئی۔انہوں نے کہا کہ یہ بات یاد رکھیں کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ اتحاد اور اتفاق کی بات کی ہے، پارٹی کے اندر اور باہر ایسے لوگ ہیں جو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں،ان کے گمراہ کرنے کا مقصد آپ کو فوکس سے ہٹانا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا یادرکھیں ہم سب ایک ہیں، ہمارا لیڈر ایک ہے، ہماری نیت بھی ایک ہی ہونی چاہیے۔علی امین گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ جب تک ہماری نیت ایک نہ ہو مقصد حاصل نہیں ہوسکتا، سب مل کر اتفاق اور اتحاد پیدا کریں اور ان کا مقابلہ کریں، یہ لوگ سب کے سامنے واضح ہوچکے ہیں ان کو پہچان کر اب فکس کریں۔