عمران خان جب چاہیں گے گنڈاپور منصب چھوڑ دینگے :ترجمان

 حکومت سے متعلق بانی پی ٹی آئی کے پیغام کی مستند ذریعے سے تصدیق نہیں ہوئی
 گنڈاپور پختونخوا میں امن و امان کے قیام کیلئے اقدامات کر رہے ہیں:ترجمان وزیر اعلٰی 
پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک )تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی جانب سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو عہدہ چھوڑنے سے متعلق بیان پر وزیراعلیٰ کے ترجمان نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت بانی پی ٹی آئی کے وڑن کی نمائندہ ہے۔ عمران خان جب چاہیں گے وزیراعلیٰ اپنا منصب چھوڑ دیں گے، صوبائی حکومت سے متعلق بانی پی ٹی آئی کے پیغام کی کسی مستند ذریعے سے تصدیق نہیں ہوئی۔ترجمان وزیراعلی ٰنے کہا کہ علی امین گنڈاپور متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ کے پی حکومت بانی پی ٹی آئی کی امانت ہے، علی امین وزیراعلیٰ ہونے کے باوجود اڈیالہ جیل میں اپنے لیڈر سے نہیں مل سکتے، عدالتوں کی جانب سے احکامات بھی موجود ہیں لیکن آئین اور قانون کی پاسداری نہیں کی جاتی۔ترجمان نے کہا کہ علی امین گنڈاپور خیبرپختونخوا میں امن و امان کے قیام کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ کے پی کے مطابق دہشتگردی کے خاتمے کے لیے علاقائی سطح پر قبائلی جرگوں کا آغاز کردیا گیا۔