علی امین گنڈا پور راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہو گئے‘جج نے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیئے‘وزیراعلی خیبرپختونخوا نے شکریہ ادا کیا

جی ایچ کیو حملہ کیس شاہ محمود، گنڈاپور سمیت 14 ملزموں  پر فرد جرم عائد

شہریار آفریدی، کرنل (ر)شبیر اعوان، لطاسب ستی، عمر تنویر بٹ، شبلی فراز، کنوزل شوزب ‘تیمور مسعود، سعد علی خان، سکندر زیب، زوہیب آفریدی، فہد مسعود، راجہ ناصر محفوظ پر بھی فرد جرم عائد کی گئی
ملزموں کا صحت جرم سے انکار‘کیس کی سماعت21دسمبر تک ملتوی‘ اب تک  113 ملزموں پر فرد جرم عائد ہوچکی ‘علی امین گنڈا پور‘شہریار اور کنول شوزب نے265ڈی کی درخواستیں دائر کردیں‘آج سماعت

راولپنڈی(ایجنسیاں‘مانیٹرنگ ڈیسک)) 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت نے وزیرا علیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور، پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی سمیت مزید 14 ملزموں پر فرد جرم عائد کر دی۔انسداد دہشت گردی عدالت میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت ہوئی جس میں وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور پیش ہوئے تو جج نے ان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے، سماعت میں بانی پی ٹی ا?ئی، شاہ محمود قریشی، شبلی فراز سمیت دیگر درجنوں ملزم بھی پیش ہوئے۔عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سمیت 14 ملزموں پر فرد جرم عائد کی اور کیس کی مزید سماعت 21 دسمبر تک ملتوی کردی، عدالت میں ملزموں نے صحت جرم سے انکار کیا۔انسداد دہشتگردی عدالت کی جانب سے شاہ محمود قریشی، شہریار آفریدی، کرنل شبیر اعوان، لطاسب ستی، عمر تنویر بٹ، شبلی فراز، کنوزل شوزب پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔اس کے علاوہ تیمور مسعود، سعد علی خان، سکندر زیب، زوہیب آفریدی، فہد مسعود، راجہ ناصر محفوظ پر بھی فرد جرم عائد کی گئی، اب تک جی ایچ کیو حملہ کیس میں 113 ملزموں پر فرد جرم عائد ہوچکی ہے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، شہریار آفریدی اور کنول شوزب نے 265 ڈی کی درخواستیں دائر کردیں جن کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے آج سماعت کیلئے مقرر کرلیا۔وزیراعلی کے پی کے نے وکیل غلام حسنین سنبل کو 12 پلیڈر مقرر کردیا اور وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے پر جج کا شکریہ بھی ادا کیا، کیس کی سماعت کے بعد وزیراعلیٰ کے پی کے نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات بھی کی۔