مریم نواز کا ستھرا پنجاب ورکرز کو ہر ماہ 5 تاریخ تک تنخواہیں دینے کا حکم

مریم نواز کا ستھرا پنجاب ورکرز کو ہر ماہ 5 تاریخ تک تنخواہیں دینے کا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب پروگرام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے صفائی ورکرز کو ہر ماہ کی 5 تاریخ تک تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔

جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز نے متعلقہ کمپنیوں سے صفائی ورکرز کو تنخواہوں کی ادائیگی کی ماہانہ رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ورکرز کی تنخواہوں میں تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی اور بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔

ستھرا پنجاب میں زیرو ٹالرینس پالیسی
مریم نواز نے ہدایت کی کہ ستھرا پنجاب پروگرام میں کام نہ کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے اور ملازمین و متعلقہ اداروں کی کارکردگی جانچنے کے لیے باقاعدہ ایس او پیز تشکیل دیے جائیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صفائی کے معیار میں بہتری کے لیے متعلقہ اداروں کو مزید محنت کرنا ہوگی اور صرف کاغذی کارروائی کے بجائے عملی طور پر صفائی کے بہتر نتائج نظر آنے چاہئیں۔

مرکزی شاہراہوں کی صبح سویرے صفائی
وزیراعلیٰ پنجاب نے مرکزی سڑکوں کی صفائی اور دھلائی صبح 5 بجے شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے صوبے بھر میں ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن یقینی بنانے اور صفائی کے نظام کی مؤثر نگرانی پر بھی زور دیا۔انہوں نے اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور اسپتالوں کے گردونواح میں بھی صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ شہریوں اور طلبہ کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جاسکے۔

بازاروں اور کمرشل علاقوں کے لیے خصوصی ہدایات
مریم نواز نے بازاروں اور کمرشل ایریاز میں ایک جیسے ڈسٹ بنز اور کچرے کے بیگز استعمال کرنے کی ہدایت کی۔ ان علاقوں سے کچرا اٹھانے کے لیے باقاعدہ اوقات کار مقرر کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔انہوں نے مختلف علاقوں میں موجود خالی پلاٹس کی صفائی یقینی بنانے اور وہاں جمع ہونے والے کچرے کو فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت بھی کی۔

سبزی و فروٹ منڈیوں کی صفائی پر خصوصی توجہ
وزیراعلیٰ پنجاب نے سبزی اور فروٹ منڈیوں میں صفائی کے انتظامات بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے بہتر نتائج کے لیے صفائی کے نظام کو مزید مؤثر اور منظم بنانا ہوگا۔مریم نواز کی جانب سے جاری ہدایات کا مقصد صوبے بھر میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانا، ویسٹ کلیکشن کے نظام کو مؤثر کرنا اور صفائی ورکرز کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانا ہے۔