شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں خدمات کا اعتراف کیا‘ مضبوط دوطرفہ تعلقات باہمی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل ہورہے ہیں: شہباز شریف

اقتصادی ، دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے شہبازشریف اور سعودی ولی عہد کا اتقاق

 وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، خطے میں امن کیلئے مل کر کام کرنے پر  بھی اتفاق ‘ملاقات میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی بھی شرکت

 وزیراعظم  سے سعودی وزیر سرمایہ کاری اور جوائنٹ ٹاسک فورس برائے اقتصادی مصروفیات کی بھی ملاقات، شہبازشریف کی   سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کاروباری مواقع سے استفادہ کرنے کی دعوت
 ریاض(آئی این پی )وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے  دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنمائوں نے  دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے  خطے میں امن کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ملاقات کے موقع پر نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں، ملاقات میں  دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور  پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا گیا اور اقتصادی، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا، وزیراعظم نے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے سعودی عرب کے عزم کو سراہا جو پاکستان کی اقتصادی ترقی اور استحکام میں معاون ثابت ہوں گے۔دونوں اطراف نے علاقائی سلامتی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا، دونوں رہنماں نے ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال کے ساتھ ساتھ خطے کے سیاسی منظر نامے پر بھی بات چیت کی۔پاکستان اور سعودی عرب نے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنے مشترکہ وژن کو فروغ دینے کے لیے ہر سطح پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا، سعودی ولی عہد نے سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں خدمات کا اعتراف کیا اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات بڑھانے پر اتفاق کیا۔دونوں رہنمائوں نے عوام کے درمیان روابط، ثقافتی تبادلے اور تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا، وزیراعظم اور سعودی ولی عہد نے باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور ترقی و خوشحالی کے مشترکہ وژن کی رہنمائی میں پاک سعودیہ شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔