پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے منصوبہ سازوں کو خبردار کیا ہے کہ اب بھی وقت ہے، قوم کو ساتھ لے کر چلیں۔
یہ بیان انہوں نے اسلام آباد میں اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں کی مشترکہ پریس کانفرنس میں دیا۔
عدلیہ اور نظام پر تنقید:
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے دو خطوط سے ملک میں عدلیہ کی موجودہ حالت اور اعلیٰ عدلیہ کو مفلوج کرنے کے طریقہ کار کا پتہ چلتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک مصنوعی نظام جو 8 فروری کے انتخابات کو لوٹ کر قائم کیا گیا تھا، اب اپنے انجام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ان کے مطابق، اس نظام نے عوام خصوصاً غریب اور کسانوں کو نقصان پہنچایا ہے، جبکہ ڈالر مارکیٹ سے غائب ہے اور اس کی مصنوعی قیمت بڑھنے کے بعد مہنگائی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
معیشت اور عوامی مسائل:
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ کبھی مری میں، کبھی لندن میں پلان بنائے جا رہے ہیں، مگر حقیقی معیشت انسان دوست اور غریب دوست نہیں بن رہی۔سندھ میں پانی سیاست کا ہتھیار بن گیا ہے، اور اگر کوئی اقتدار میں بیٹھے افراد کے خلاف آواز بلند کرے تو اس کا پانی بند کر دیا جاتا ہے۔
تحریک انصاف اور جمہوریت:
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک جمہوری تحریک کے ذریعے حاصل کیا گیا اور پی ٹی آئی کی حکومت عوام کی تائید سے قائم ہوتی ہے، جس پر حملہ ہوا۔بانی پی ٹی آئی عوام کے درد کو لے کر جیل میں بیٹھے ہیں اور قوم جمہوریت کی طرف بڑھ رہی ہے۔