ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے نکالے گئے رکن قومی اسمبلی شیرافضل مروت نے اپنی برطرفی کا الزام پارٹی کے کچھ مخصوص افراد پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں نکالنے کا جواب پارٹی کے پاس بھی نہیں، یہ سب سلمان اکرم راجہ اور ان کے ساتھیوں کا کیا دھرا ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیرافضل مروت نے کہا کہ پارٹی میں ایسے لوگ موجود ہیں جنہوں نے اپنا ووٹ اور ضمیر بیچا، مگر وہ اب بھی پارٹی میں شامل ہیں، جبکہ انہیں نکال دیا گیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ معاملات غیر منتخب افراد چلا رہے ہیں، جو بانی پی ٹی آئی عمران خان کے گرد گھیرا ڈالے ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وہ جلد پارٹی میں واپس آئیں گے اور اپنے خلاف ہونے والے پروپیگنڈے کا بھرپور جواب دیں گے۔ شیرافضل مروت نے سلمان اکرم راجہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو "ڈی فیکٹو سیکرٹری جنرل" کہتے ہیں، جو درحقیقت ایک "غاصب" کی مانند ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر عمران خان کی ہدایت پر شیرافضل مروت کو پارٹی سے نکال دیا تھا۔