لاہور(کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے چپ جلوس کربلا گامے شاہ تا پانڈو اسٹریٹ اور 145 ماڈل ٹائون کے لئے خصوصی ٹریفک انتظامات مکمل کر لئے۔سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق چپ جلوس کربلا گامے شاہ سے برآمد ہو کر پانڈو اسٹریٹ جائے گا اور رات 9 بجے تک واپس کربلا گامے شاہ پہنچے گا، جبکہ چپ جلوس ماڈل ٹائون دوپہر 12 بجے شروع ہو کر رات 8 بجے اختتام پذیر ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ جلوس گزرتے ہی ڈائیورشنز کو فوری طور پر ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا۔ بھاٹی چوک، ایم اے او کالج، چرچ چوک، جین مندر چوک اور استنبول سے ڈائیورشنز کروائی جائیں گی جبکہ ایمبولینس اور دیگر ایمرجنسی گاڑیوں کے لئے راستہ ہر وقت کلئیر رکھا جائے گا۔سی ٹی او کے مطابق زونل ایس ایس پی کی سپرویڑن میں 2 ایس پیز، 3 ڈی ایس پیز اور 400 سے زائد انسپکٹرز و وارڈنز ڈیوٹی پر موجود ہوں گے۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور رانگ پارکنگ کے خاتمے کے لئے ٹریفک رسپانس یونٹ بھی تعینات کیا گیا ہے۔مزید برآں، ٹریفک پولیس لاہور کے فورک لفٹرز اور بریک ڈائون گاڑیاں بھی رانگ پارکنگ ختم کرنے کے لئے سڑکوں پر موجود رہیں گی۔ شہریوں کو راستہ ایپ، راستہ ایف ایم، الیکٹرانک و سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے آگاہ رکھا جائے گا جبکہ مزید رہنمائی اور سہولت کے لئے شہری ہیلپ لائن 15 پر کال کر سکتے ہیں۔