کراچی کی مشہور ٹک ٹاکر سامعہ حجاب نے سوشل میڈیا پر جاری الزامات اور چہ مگوئیوں کا جواب دیتے ہوئے تہلکہ خیز انکشافات کیے ہیں۔
حالیہ دنوں میں سامعہ حجاب نے ایک نوجوان کے خلاف اغوا اور قتل کی دھمکیاں دینے پر مقدمہ درج کروایا تھا، تاہم اب انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ ملزم کوئی اور نہیں بلکہ ان کا سابقہ منگیتر حسن زاہد ہے۔سامعہ نے ایک ویڈیو بیان میں اعتراف کیا کہ حسن زاہد ان کا منگیتر تھا، مگر اس کی حقیقت سامنے آنے کے بعد انہوں نے رشتہ ختم کردیا۔ یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب سوشل میڈیا پر ان کی اور حسن زاہد کی ملاقاتوں اور تحائف کے تبادلے کی ویڈیوز گردش کرنے لگیں اور صارفین نے ان پر توجہ حاصل کرنے کے لیے جھوٹے الزامات لگانے کا تاثر دینا شروع کیا۔اپنے وضاحتی بیان میں سامعہ نے کہا:"اگر میرا بھی میری دوست ثنا یوسف کی طرح قتل کردیا جاتا تو لوگ ہمدردی جتاتے، لیکن ابھی میں زندہ ہوں اس لیے مجھ پر الزام تراشی کی جارہی ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی مرد کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ عورت پر زبردستی کرے، چاہے وہ نکاح میں ہی کیوں نہ ہو۔ "حسن زاہد سے میرا رشتہ ختم ہوچکا ہے لیکن اس کے باوجود اس نے میرا فون چھینا، مجھے گھسیٹا اور اغوا کرنے کی کوشش کی، ساتھ ہی تشدد پر بھی آمادہ ہوا۔"ٹک ٹاکر نے کہا کہ وہ اس وقت شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں اور لوگوں سے اپیل کی کہ بغیر حقائق جانے رائے قائم نہ کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ انہیں انصاف ضرور ملے گا۔