اسلام آباد: پولیس نے معروف خاتون ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کو ہراساں کرنے اور اغوا کی کوشش میں ملوث ملزم حسن زاہد کو گرفتار کر لیا ہے۔
یہ کارروائی تھانہ شالیمار کی حدود میں عمل میں لائی گئی۔سامعہ حجاب نے ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا کہ ملزم حسن زاہد گزشتہ کئی دنوں سے ان کا تعاقب کر رہا تھا۔ 31 اگست کی شام تقریباً ساڑھے 6 بجے ملزم نے انہیں زبردستی گاڑی میں بٹھانے کی کوشش کی، تاہم خاتون نے مزاحمت کی اور موقع سے نکلنے میں کامیاب ہو گئیں۔متاثرہ خاتون کی درخواست پر تھانہ شالیمار میں مقدمہ درج کیا گیا، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تفتیش مکمل کر لی گئی ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے کہا کہ شہریوں، بالخصوص خواتین کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور ایسے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ پولیس نے یقین دہانی کروائی ہے کہ سامعہ حجاب اور دیگر متاثرین کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے گا۔