لیڈز میں کھیلے گئے تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے میزبان انگلینڈ کو باآسانی سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ جنوبی افریقہ کے کپتان ٹمبا باووما کے لیے درست ثابت ہوا۔ انگلش بیٹنگ لائن اپ جنوبی افریقی بولرز کے سامنے مکمل طور پر بے بس دکھائی دی اور پوری ٹیم صرف 131 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔انگلینڈ کی جانب سے اوپنر جیمی اسمتھ نے 54 رنز کی اننگز کھیل کر مزاحمت کی، تاہم دوسرے بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ کپتان ہیری بروک 12، جو روٹ 14 اور جوز بٹلر 15 رنز بناسکے۔ عادل رشید 9، ول جیکس 7، بین ڈکٹ 5 اور جیکب بیتھل محض ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے، جبکہ جوفرا آرچر اور سونی بیکر کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ برائیڈن کارس 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے اسپنر کیشو مہاراج نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، ویان ملڈر نے 3 جبکہ ناندرے برگر اور لنگی نگیدی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جوابی اننگز میں جنوبی افریقہ نے مطلوبہ ہدف 132 رنز صرف 21ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اوپنر ایڈن مارکرام نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 55 گیندوں پر 86 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں کئی خوبصورت چوکے اور چھکے شامل تھے۔ کپتان ٹمبا باووما 6 رنز پر اور ٹرسٹان اسٹبس بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، جبکہ رائن ریکلٹن 31 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔انگلینڈ کی جانب سے واحد کامیاب بولر لیگ اسپنر عادل رشید رہے جنہوں نے تینوں وکٹیں حاصل کیں۔سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ 5 ستمبر کو کھیلا جائے گا جس میں انگلینڈ اپنی شکست کا ازالہ کرنے کی کوشش کرے گا، جبکہ جنوبی افریقہ سیریز میں فیصلہ کن برتری کے لیے میدان میں اترے گا۔