رضا اللہ کی دھواں دار بیٹنگ، انگلینڈ کی حکمت عملی پر الیسٹر کک برس پڑے

رضا اللہ کی دھواں دار بیٹنگ، انگلینڈ کی حکمت عملی پر الیسٹر کک برس پڑے

پاکستان کے 21 سالہ بلے باز رضا اللہ نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز شاندار اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو دباؤ میں ڈال دیا، جس پر سابق انگلش کپتان الیسٹر کک نے اپنی ٹیم کی حکمت عملی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

ٹیسٹ ڈیبیو پر نویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے رضا اللہ نے صرف 63 گیندوں پر 81 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جس میں 9 چھکے شامل تھے۔رضا اللہ نے محمد عباس کے ساتھ نویں وکٹ کے لیے 121 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی، جس کی بدولت پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف مضبوط مزاحمت کی اور میچ چوتھے روز تک پہنچ گیا۔الیسٹر کک کا کہنا تھا کہ رضا اللہ کی پاور ہٹنگ کے سامنے انگلینڈ کے پاس کوئی واضح منصوبہ دکھائی نہیں دیا اور صورتحال رفتہ رفتہ میزبان ٹیم کے قابو سے باہر ہوگئی۔سابق انگلش کپتان کے مطابق ایسے اہم مرحلے پر کوچنگ اسٹاف کو میدان میں موجود کھلاڑیوں کو واضح ہدایات اور مؤثر قیادت فراہم کرنی چاہیے تھی۔

سابق انگلش فاسٹ بولر جوناتھن ایگنیو نے بھی میزبان ٹیم کی حکمت عملی کو انتہائی ناقص قرار دیا۔ خاص طور پر ڈین لارنس سے نئی گیند کروانے کے فیصلے پر سوالات اٹھائے گئے، جبکہ انگلش فاسٹ بولرز مسلسل شارٹ گیندوں کے منصوبے پر عمل کرتے رہے۔رضا اللہ کی اننگز کی خاص بات 9 چھکے تھے، جو ٹیسٹ ڈیبیو پر کسی بلے باز کی جانب سے ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکوں کے ریکارڈ کے برابر ہیں۔پاکستان 453 رنز پر آل آؤٹ ہوا، جس کے بعد انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لیے 130 رنز کا ہدف ملا ہے۔