پنجاب میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات، سرکاری گندم کی ترسیل دگنی

پنجاب میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات، سرکاری گندم کی ترسیل دگنی

لاہور: پنجاب حکومت نے آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے اور شہریوں کو سستے داموں آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے سرکاری گندم کی ریلیز اور ترسیل دگنی کر دی ہے۔

 صوبے بھر میں سرکاری آٹے کی قیمت 127 روپے فی کلو مقررہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔صوبائی وزیر خوراک کے مطابق پنجاب بھر میں روزانہ کی بنیاد پر 10 کلو آٹے کے 7 لاکھ تھیلے مارکیٹ میں فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو سرکاری نرخوں پر آٹا دستیاب ہو سکے۔ اس سلسلے میں فلور ملز کو مارکیٹ میں وافر مقدار میں آٹا فراہم کرنے کا پابند بنا دیا گیا ہے۔صوبائی وزیر خوراک کا کہنا ہے کہ پنجاب میں گندم اور آٹا آج بھی ملک کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں کم قیمت پر دستیاب ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافے کو روکا جائے اور عام شہریوں کو بنیادی غذائی ضرورت مناسب نرخوں پر فراہم کی جائے۔

گرانفروشی اور ناقص معیار کی شکایات کے لیے اقدامات

صوبائی وزیر خوراک کے مطابق آٹے کی کوالٹی سے متعلق شکایات اور گرانفروشی کی روک تھام کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس مقصد کے تحت آٹے کی دکانوں پر شکایت سیل کے بینرز آویزاں کیے جا رہے ہیں تاکہ شہری اپنی شکایات متعلقہ حکام تک پہنچا سکیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں معیاری اور سستا آٹا فراہم کرنے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور مارکیٹ میں آٹے کی وافر دستیابی یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔