’اپنی چھت، اپنا گھر‘ پروگرام کو عالمی اعزاز، مریم نواز تقریب میں شرکت کے لیے مسقط روانہ ہوں گی

’اپنی چھت، اپنا گھر‘ پروگرام کو عالمی اعزاز، مریم نواز تقریب میں شرکت کے لیے مسقط روانہ ہوں گی

پنجاب حکومت کے ہاؤسنگ پروگرام ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ کو 2026 کے یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔

 پنجاب حکومت کو یہ اعزاز 5 اکتوبر کو عمان کے شہر مسقط میں ورلڈ ہیبی ٹیٹ ڈے کی عالمی تقریب کے دوران دیا جائے گا۔رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو خصوصی دعوت پر ایوارڈ تقریب میں شرکت کے لیے مسقط مدعو کیا گیا ہے۔ یہ پروگرام کم آمدن والے خاندانوں کے لیے محفوظ اور مناسب رہائش کی فراہمی کے حوالے سے منتخب کیا گیا ہے۔یو این ہیبی ٹیٹ کے مطابق سکرول آف آنر ایوارڈ 1989 میں شروع کیا گیا تھا اور یہ رہائش، انسانی بستیوں کی بہتری اور پائیدار شہری ترقی کے شعبے میں نمایاں اقدامات کو تسلیم کرتا ہے۔ 2026 کے ایوارڈز 5 اکتوبر کو ورلڈ ہیبی ٹیٹ ڈے کے موقع پر دیے جائیں گے۔

پنجاب حکومت کے مطابق ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام کا مقصد صوبے کے مستحق اور کم آمدن والے خاندانوں کو رہائشی سہولت فراہم کرنا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پروگرام کے تحت 2 لاکھ سے زائد گھروں کی تعمیر کے لیے 260 ارب روپے سے زیادہ کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔مریم نواز نے سکرول آف آنر ایوارڈ کو پنجاب کے ان افراد کے نام کیا ہے جو اپنے گھر کے منتظر ہیں۔