مریم نواز نے "اپنی چھت، اپنا گھر" منصوبے کے تحت 3 مرلہ پلاٹ سکیم کی منظوری دے دی

مریم نواز نے

ویب ڈیسک:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے "اپنی چھت، اپنا گھر" منصوبے کے تحت 3 مرلہ پلاٹ سکیم کے آغاز کی اصولی منظوری دے دی۔

مریم نواز کی زیرصدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں اس منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ 800 سے زائد گھر تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، جبکہ 50 ہزار درخواست دہندگان کے ڈیٹا کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔مریم نواز نے چشتیاں میں 666 پلاٹس کے ساتھ 3 مرلہ پلاٹ سکیم کا آغاز کرنے کی منظوری دی اور اگلے مراحل میں گھر کی تعمیر کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ، "اپنی چھت، اپنا گھر" کے تحت 927 درخواست دہندگان کو قرض کی پہلی قسط کی ادائیگی بھی مکمل ہوچکی ہے، اور دوسری قسط کی ادائیگی کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے منصوبے کے تحت مکمل ہونے والے پہلے پانچ گھروں میں فرنیچر اور دیگر سامان کا تحفہ پیش کرنے کی بھی منظوری دی۔ مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ "اپنی چھت ہر آدمی کا خواب ہے، اور ہم اسے ضرور پورا کریں گے"۔ انہوں نے منصوبے پر مزید کام تیز کرنے کی ہدایت بھی کی تاکہ اس خواب کو حقیقت میں بدل سکے۔