کرک میں گیس دھماکہ،عمارت منہدم،خواتین و بچیوں سمیت 4افراد جاں بحق ،10زخمی

 کرک کے علاقے سپینہ میں او جی ڈی سی ایل کے قریب گھر میں گیس کنکشن کے کام کے دوران اچانک گیس ہوگیا
 پشاور(یواین پی )خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں گیس دھماکے سے عمارت کا حصہ منہدم ہوگیا، جس کے نتیجے میں خواتین و بچیوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق کرک کے علاقے سپینہ میں او جی ڈی سی ایل کے قریب گھر میں گیس کنکشن کے کام کے دوران اچانک گیس ہوگیا۔ دھماکے سے عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا۔ حادثے میں 4 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔جاںبحق ہونے والوں میں دو بچیاں اور دو خواتین شامل ہیں۔ ریسکیو 1122 کے مطابق دھماکے کے باعث متعدد افراد ملبے تلے دب گئے، جس کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے لئے  ریسکیو آپریشن شروع کردیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اب تک ایک بچی سمیت 10 زخمی افراد کو ملبے سے بحفاظت نکال لیا گیا ہے ۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا ہے اور ممکنہ طور پر ملبے تلے دبے مزید افراد کی تلاش کیلئے  امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ریسکیو 1122 کے مطابق آپریشن میں 4 ایمبولینسز، ایک ریکوری وہیکل اور 13 ریسکیورز حصہ لے رہے ہیں۔