سولجر بازار کے گھر کے کچن میں گیس فٹنگ ناقص تھی، سپلائی کیلئے پلاسٹک کے پائپ استعمال کئے گئے :انچارج بم ڈسپوزل سکواڈ
صدر اور وزیراعظم کا جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار ‘ سندھ حکومت کو واقعہ کی انکوائری ‘ زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت
کراچی ‘اسلام آباد(آئی این پی‘آن لائن ) کراچی میں گیس لیکیج کے باعث عمارت منہدم ہونے سے 16افراد جاںبحق اور13زخمی ہوگئے جبکہ انچارج بم ڈسپوزل سکواڈ نے انکشاف کیا ہے گھر کے کچن میں گیس کی فٹنگ بھی ناقص تھی، سپلائی کیلئے پلاسٹک کے پائپ استعمال کیے گئے۔کراچی کے علاقے سولجر بازار میں گیس لیکیج کے باعث عمارت منہدم ہونے کے واقعے پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کے انچارج نے بتایا کہ دھماکاگیس لیکیج کے باعث ہوا سلنڈرنہیں پھٹا بلکہ گھر کے کچن میں گیس کی فٹنگ بھی ناقص تھی۔عابد فاروق کا کہنا تھا جگہ جگہ گیس کی سپلائی کیلئے پلاسٹک کے پائپ استعمال کیے گئے ہیں، پلاسٹک پائپ اور جوائنٹس کے باعث گیس کی لیکیج زیادہ ہوتی ہے۔انھوں نے بتایا کہ عمارت میں گیس کھینچنے والی مشینیں بھی لگی ہوئی ہیں ، بتایا گیا ہے علاقے میں کئی روز سے گیس نہیں آرہی تھی، گزشتہ رات اچانک گیس کی تیز سپلائی شروع ہوئی۔انچارج بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مزید کہا کہ ممکنہ طور پر گیس چابی کھلی رہنے، شارٹ سرکٹ یا ماچس جلانے سے دھماکا ہوا‘دریں اثناء صدرآصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کراچی کے سولجر بازار میں عمارت کے منہدم ہونے سے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور سندھ حکومت کو ہرپہلو سے اس واقعہ کی انکوائری اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ایک بیان میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کراچی کے سولجر بازار میں عمارت کے منہدم ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس اورمتوفیوں کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہارکی اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے