حوثی ملیشیا کے 2 میزائل، 4 ڈرونز فضا میں ہی تباہ کر دیئے گئے:ترجمان اتحادی افواج
صنعا،ریاض(آئی این پی )یمن کی فوج نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے شہر مدینہ میں بجلی کی تنصیب پر حوثی ملیشیا کے ڈرون حملے کے چند گھنٹے بعد دارالحکومت صنعا سمیت مختلف علاقوں میں اہم اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ اتحادی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حوثی ملیشیا کے 2 میزائل، 4 ڈرونز فضا میں ہی تباہ کر دیئے گئے ہیں ۔ عرب میڈیارپورٹس کے مطابق اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ طیبہ پار سٹیشن کو نشانہ بنایا گیا، تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ حوثی ملیشیا نے اس بزدلانہ دہشت گرد کارروائی کی منصوبہ بندی کی اور اسے عملی جامہ پہنایا۔ادھر یمنی فوج نے بتایا ہے کہ اس نے صنعا، صعدہ اور تعز میں حوثیوں کے متعدد مقامات کو نشانہ بنایا، صنعا میں اہم اہداف کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ صعدہ میں 11 اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ تعز میں حوثیوں کے ایک مربوط فوجی نظام پر 27 فضائی حملے کیے گئے۔