حملے خطے کی سلامتی اور امن کے لئے بڑا خطرہ ہیں،فوری اور غیرمشروط روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں
سعودی عرب کی خودمختاری،علاقائی یکجہتی اور تقدس کی مکمل حمایت کر تے ہیں :ترجمان کا بیان
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان نے سعودی عرب کے مقدس اور تاریخی شہر مدینہ منورہ میں شہری بجلی تنصیب پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب سے مکمل اظہارِ یکجہتی کیا ہے ۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی ملیشیا نے ترسیل سٹیشن پر حملہ کیا، نبی پاک کی مسجد کو بجلی فراہمی کے سول نظام پر حملہ ناقابل قبول ہے، حملہ سے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دو مقدس مقامات اوروہاں موجود عازمین کی حفاظت اور احترام ہر حال میں لازم ہے، پاکستان ایسے حملے فوری اور غیر مشروط روکنے کا مطالبہ کرتا ہے، ایسے حملے خطے کی سلامتی اور امن کیلئے بڑا خطرہ ہیں ۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان سعودی عرب کی یکجہتی کی غیر متزلزل حمایت کے عزم کا اعادہ کرتا ہے، پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری،علاقائی یکجہتی اور تقدس کی مکمل حمایت کرتا ہے۔