دہشت گردوں کو بھارت سے ہدایات میں ٹارگٹ کلنگ ،بہاولپورمیں مسجد،ریلوے سٹیشن سمیت دیگرحساس مقامات پرحملے شامل تھے

دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام  را کے 6 سہولت کار گرفتار

پنجاب کے مختلف اضلاع سے گرفتار ملزمان سے آئی ای ڈیز، ڈیٹونیٹرز اورخفیہ دستاویز، ٹوبہ ٹیک سنگھ سے دھماکاخیز مواد اور ڈیٹونیٹرز، حفاظتی فیوز ،خفیہ نقشے برآمد ، بہاولپور میں دبئی سے فنڈنگ کرنیوالا سہولت کار رنگے ہاتھوں پکڑاگیا،ایڈیشنل آئی جی آپریشنز شہزاد ہ سلطان
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بھارتی ایجنسی’’ را‘‘ کے 6 سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا۔سی ٹی ڈی پنجاب کے حکام نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ آپریشن یلغار میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنایاگیا ہے اور بھارتی ایجنسی را کے 6 سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز شہزادہ سلطان نے اس حوالے سے کہا کہ گرفتار 2 ملزمان بی ایس ایف سے آئی ڈی ایز حاصل کرچکے تھے، بہاولپور میں مسجد ، ریلوے سٹیشن پر حملے کی منصوبہ بندی کی خفیہ اطلاع ملی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی ایجنسی’’را‘‘ کے 6 سہولت کاروں کو پنجاب کے مختلف اضلاع سے گرفتار کیا گیا اور ملزمان سے آئی ای ڈیز، ڈیٹونیٹرز اورخفیہ دستاویز برآمد ہوئیں۔علاوہ ازیں ٹوبہ ٹیک سنگھ سے دھماکاخیز مواد اور ڈیٹونیٹرز برآمد کیا گیا اور دہشت گردوں سے آئی ای ڈیز، حفاظتی فیوز ،خفیہ نقشے برآمد کئے۔ایڈیشنل آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ’’ را‘‘ کے افسران میجر رویندرا راٹھور اور انسپکٹر سنگھ کی آڈیو انٹرسیپٹس کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور میں دبئی سے فنڈنگ کرنے والا "را’’ کا سہولت کار رنگے ہاتھوں پکڑا، دہشت گردوں کو بھارت سے ہدایات میں ٹارگٹ کلنگ ،حساس مقامات پر حملے شامل تھے۔ایڈیشنل آئی جی آپریشنزشہزادہ سلطان نے کامیاب آپریشن پر سی ٹی ڈی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا سی ٹی ڈی اہلکار اپنی جانوں پر کھیل کر پاکستانی کی حفاظت میں مصروف ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دہشت گرد کوڈورڈ اور غیر ضروری الفاظ استعمال کرکے ہدایت لیتے ہیں، تاہم گرفتارافراد سے تفتیش جاری ہے، پیشرفت پر سی ٹی ڈی آگاہ کرے گی۔